رپورٹ، سیدممتاز شیرازی
فیصل آباد، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی تحریک پر ”پلانٹیشن فار جنریشنز” مہم کو زمین حقائق کے مطابق نتیجہ خیز بنانے کے لئے ا یف ڈی اے کی زیرنگرانی ”پلانٹیشن پورٹل” قائم کر دیا گیا ہے تاکہ مختلف محکموں کو شجرکاری کے تفویض کئے گئے ٹارگٹ پر عملدرآمد کی سائنسی انداز میں مانیٹرنگ کرکے شجرکاری کی اس مہم کے حقیقی مقاصد حاصل کئے جاسکیں۔ اس خصوصی مہم کے دوران چار دیواریوں کے اندر اور دیگر محفوظ مقامات پر کم از کم پانچ فٹ سائز کے ایک لاکھ پودے لگائے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ کمشنر فیصل آبادراجہ جہانگیر انور کی ہدایات پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری ”پلانٹیشن فار جنریشنز” مہم پر عملدرآمد کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ پودے لگانے اور انہیں پروان چڑھانے کے عمل کو مربوط انداز میں مکمل کرکے آئندہ نسلو ں کے لئے سرسبز فیصل آباد پروگرام کو حقیقت کا روپ دیا جا سکے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ایک اجلاس میں ”پلانٹیشن فار جنریشنز” مہم کے حوالے سے وضع کردہ پورٹل پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز اسماء محسن، جنید حسن منج، سہیل مقصود پنوں، یاسر اعجاز چٹھہ، افنان چوہدری، کنسلٹنٹ ہارٹیکلچر رانا سجاد و دیگر افسران موجود تھے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ ”پلانٹیشن فار جنریشنز” مہم میں ایف ڈی اے، مونسپل کارپوریشن، پی ایچ اے، کمشنر آفس، محکمہ تعلیم، صحت، جنگلات، انہار ودیگر محکموں کے علاوہ زرعی یونیورسٹی، جی سی یونیورسٹی، جی سی ویمن یونیورسٹی، ڈویژنل پبلک سکول و کالج ودیگر اداروں کے لئے مختلف ٹارگٹس مقرر کرکے مختلف اقسام کے درخت لگانے کے امور کو پورٹل پر یکجا کیا جا رہا ہے اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کو ”یوزر آئی ڈی” جار ی کر دیئے گئے ہیں تاکہ وہ درخت لگانے کی تمام کارروائی اور سرگرمیوں کو اپ لوڈ کر سکیں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے بتایا کہ لگائے جانے والے ہر پودے کی جیو ٹیگنگ کی جا رہی ہے جس کی بقا اور نشوونما کی ڈیجیٹل طریقے سے نگرانی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے کی طرف سے ”پلانٹیشن فار جنریشنز” مہم میں بیس ہزار پودے لگانے کی ذمہ داری قبول کی گئی ہے جن میں پانچ ہزار پودے ایف ڈی اے سٹی سرگودھا روڈ اور پندرہ ہزار پودے مختلف پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں میں لگانے کے اہداف کو پورا کیا جا رہا ہے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اور ڈائریکٹر آئی ٹی کو ہدایت کی کہ وہ پودے لگانے کے تمام کام کو ساتھ ساتھ پورٹل پر اپ لوڈ کریں اور پودوں کی جیوٹیگنگ کویقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈی جی سے کہا کہ وہ شجرکاری کی اس مہم میں سو فیصد نتائج کے حصول کے لئے پودے لگانے کی سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کریں کیونکہ یہ رسمی کارروائی نہیں بلکہ حقیقت پر مبنی شجرکاری مہم ہے۔
Add A Comment
Company
Subscribe to Updates
Get the latest creative news from PRIMENEWS
© 2026 PrimeNews. Designed by Progeco LTD.