رپورٹ، سید ممتاز شیرازی،بیوروہیڈ ہیڈ پرائم نیوز
فیصل آباد ( پرائم. نیوز، یواے ای) مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے سیوریج اور واٹر سپلائی کی شکایات کو 24 گھنٹوں میں حل کرنے ڈیڈ لائن دیدی جبکہ یہ بھی واضح کیا کہ شکایات کا بروقت اور معیار کے مطابق ازالہ ترجیحات میں سرفہرست ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ مختلف ڈائریکٹوریٹس کے افسران کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام ڈائریکٹرز شہریوں کی جانب سے درج کروائی گئی شکایات کے حل پر خصوصی توجہ مرکوز رکھیں کیونکہ اب شکایات کے ازالہ میں تاخیر پر زیروٹالرنس پالیسی ہے۔ ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے مزید کہا کہ آپریشنز ڈائریکٹوریٹ اب سیٹلڈ لانوں کی مرمت ، ڈی سلٹنگ اور کمپلینٹ کے حل پر فوکس کریں اور شکایات کنندہ سے فیڈ بیک ضرور حاصل کریں۔ جس سب ڈویژن میں شکایات کا ازالہ بروقت اور معیار کے مطابق ہو گا اسے تعریفی سرٹیفکیٹس جبکہ جس سب ڈویژن کی شکایات کا حل تاخیر کا شکار ہو گا انہیں شوکاز نوٹس جاری کئے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز اپنے متعلقہ ایریا کی مرمت ہونے والی سیوریج لائنوں کی نشاندہی کریں تاکہ فوری طور پر ان کی مرمت مکمل کروائی جا سکے اور شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری اور بہترین سہولیات فراہم کرنا ممکن ہو ۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ آپریشنز سٹاف سیوریج لائنوں ، روڈ سائیڈ ڈرینز کی ڈی سلٹنگ کا پلان جاری کریں تاکہ اس پر عمل درآمد شروع کروایا جا سکے۔
