فیصل آباد(سیدممتاز شیرازی،بیوروہیڈ )گھنٹہ گھر آٹھ بازاروں کے گردونواح میں پارکنگ کے مسائل کے پائیدار حل کے لئے ایک ارب60 کروڑ روپے کی لاگت سے 5 مقامات پر پارکنگ پلازوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے جنہیں مارچ2027ء تک مکمل کرلیا جائے گا جس کی بدولت 7ہزار سے زائد موٹر بائیکس پارک کرنے کی گنجائش ہوگی۔یہ بات کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے آٹھ بازاروں کے تاجروں کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے بتائی۔ کمشنر نے بتایا کہ راجباہ روڈ بیرون کارخانہ بازار،امین پور بازار،کچہری بازار،مرکزی امام بارگارہ روڈ ڈگلس پورہ سائٹ اے اور سائٹ بی پر پارکنگ پلازے تعمیر کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاجروں و دکانداروں کو سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی فیصل آباد انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ پلازوں کی تعمیر کی پیشرفت کا ہر ہفتہ باقاعدگی سے جائزہ لیں گے اور تعمیراتی عمل کو شفاف انداز میں قبل از وقت مکمل کرانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تاجروں سے قریبی رابطہ استوار رکھا جائے گا اورمثبت تجاویز کا ہمیشہ سے خیر مقدم کیا جارہا ہے۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عثمان غنی،اسسٹنٹ کمشنر سٹی رنگزیب گورایہ،اسسٹنٹ کمشنر جنرل ڈاکٹر ذیشان احمد،میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر محمد زبیر ودیگر افسران کے علاوہ تاجر بھی اجلاس میں شریک تھے۔
۔۔۔///۔۔۔
