فیصل آباد(سید ممتاز شیرازی،بیوروہیڈپرائم نیوز دبئی)
فیصل آبادکی
تحصیل سمندری میں صحت عامہ کا بڑا منصوبہ ٹی ایچ کیو ہسپتال کے ڈائیلاسز سنٹر کا پنجاب بھر میں سرفہرست آنے کا اعزاز حاصل کرلیا گیا
تحصیل ہیڈ کوارٹر (THQ) ہسپتال سمندری کے ڈائیلاسز سنٹر میں مزید 16 جدید ڈائیلاسز مشینوں کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔منصوبےکی افتتاحی تقریب میں ایم این اے شہباز بابر، ڈپٹی کمشنرنعمان صدیق، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شہزاد کمبوہ اور دیگر نے شرکت کی. اس اہم توسیع کے ساتھ ہی THQ ہسپتال سمندری کا ڈائیلاسز سنٹر پنجاب کی تمام تحصیلوں میں سب سے بڑا ڈائیلاسز سنٹر بننے کا تاریخی اعزاز حاصل کر چکا ہے۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر عوامی، سماجی اور انتظامی شخصیات نے شرکت کی اور اس اہم طبی سہولت کی فراہمی پر مسرت کا اظہار کیا۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ سمندری اور گردونواح کے گردے کے مریضوں کے لیے کسی بڑی نعمت سے کم نہیں، جنہیں اب معیاری اور مفت علاج کی سہولیات اپنے ہی شہر میں دستیاب ہوں گی۔
اس عوامی و فلاحی منصوبے کی کامیاب تکمیل پر ڈپٹی کمشنر (DC) فیصل آباد جناب نعمان، ایم این اے شہباز بابر،ایم پی اے راؤ کاشف رحیم اور معروف فلاحی تنظیم ‘راہِ انسان’ (Rah Insan) سمیت تمام معزز شرکاء کی انتھک کاوشوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔
عوام اور سماجی حلقوں نے اس تاریخی قدم کو سراہتے ہوئے کہا کہ نئی مشینوں کی نصب کاری سے اب سینکڑوں مریضوں کو بلا تاخیر اور بروقت ڈائیلاسز کی سہولت میسر آئے گی، جو صحتِ عامہ کے شعبے میں ایک انقلاب آفرین پیشرفت ہے۔


