250 ر۔ب میں پرانی دشمنی پر خانہ بدوشوں کی جھگیوں پر فائرنگ، 3 خواتین جاں بحق، 3 سالہ بچی شدید زخمی
فیصل آباد (سید ممتاز شیرازی، ،بیوروہیڈ ) عباس پور روڈ پر واقع 250 ر۔ب میں پرانی دشمنی کی بناء پر مخالفین نے خانہ بدوشوں کی جھگیوں پر دھاوا بول کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین خواتین موقع پر جاں بحق جبکہ 3 سالہ بچی شدید زخمی ہو گئی۔ ریسکیو 1122 حکام کے مطابق مزاحمت کے دوران ہونے والی فائرنگ سے 55 سالہ زبیدہ بی بی، 35 سالہ عاصمہ اور 8 سالہ مسکان گولیاں لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ 3 سالہ زینب کے منہ پر گولی لگی۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمی بچی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر جنرل ہسپتال سمن آباد منتقل کر دیا، جبکہ جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں ضروری کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
